ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / داسنکوپا کے عمران کو مہاکالی کی بھینٹ چڑھانے والا قاتل گرفتار

داسنکوپا کے عمران کو مہاکالی کی بھینٹ چڑھانے والا قاتل گرفتار

Tue, 29 Nov 2016 13:13:31    S.O. News Service

منڈگوڈ29؍نومبر (ایس او نیوز)کچھ دن پہلے داسنکوپا کے عمران نداف (۱۷ سال) کو ملگی میں دھرما ڈیم کے پاس بڑے وحشیانہ انداز میں اس وقت قتل کردیا گیا تھا جب وہ مچھلی کا شکار کرنے کرنے کے لئے اس مقام پر گیا ہوا تھا۔ بے قصور عمران کو اس طرح بھیانک طریقے سے قتل کرنے پر اطراف کے عوام میں خوف اور غصہ ابل پڑا تھا اورانہوں نے سرسی ڈی وائی ایس پی سے قاتل کو فوری طور پر گرفتار کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے میمورنڈم بھی دیا تھا۔

اب خبر ملی ہے کہ پولیس نے قتل کے اس سنسنی خیز معمے کو حل کرتے ہوئے سرسی تعلقہ کے کے بدن گوڈ نامی گاؤں کے رہنے والے رمیش داس گولّر کو گرفتار کرلیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ملزم رمیش داس مہاکالی کاپجاری اور عقیدت مند ہے۔ اس نے پولیس کو بتایا ہے کہ19نومبر کو دوپہر کے وقت جب وہ گھر میں سو رہا تھا تو اس نے خواب میں مہا کالی کو دیکھا جو اس سے ایک انسانی جان کی بلی مانگ رہی تھی۔ وہ اسی وقت جاگا اور گھر میں موجود درانتی لے کر جنگل کے راستے دھرما ڈیم کی طرف چل پڑا ۔ اس کا ارادہ تھا کہ راستے میں جو بھی پہلے ملے گا وہ اس کی گردن کاٹ دے گا ۔ جب وہ ڈیم پر پہنچا تو عمران نداف مچھلی کے شکار کے لئے بیٹھا ہواتھا۔ اس نے پیچھے سے اس کی گردن پر وار کردیا۔ خوفزدہ ہوکر زخمی عمران تقریباً 300میٹر تک بھاگتا رہا لیکن رمیش نے اس کا پیچھا کرکے اسے پکڑ لیا اور اس کی گردن کاٹ ڈالی۔پھر وہ اپنی درانتی کو جنگل میں ایک درخت کے پاس چھوڑ کر گھر چلاآیا اور اپنے خون آلود کپڑے چھپانے کے بعد وہ کچھ دنوں کے لئے گھر سے فرار ہوگیا۔

پولیس نے مختلف زاویوں سے تحقیقات کے بعد دیوی کو خوش کرنے کے لئے انسانی بھینٹ چڑھانے والے اس مہاکالی کے بھگت کوبالآخر گرفتار کرلیاہے۔ اس سے عوام کو کچھ راحت ملی تو ہے لیکن ان کا خیال ہے کہ جس وحشیانہ طریقے سے عمران کا قتل ہوا ہے وہ ایک تنہا شخص کاکام نہیں لگتا۔ ممکن ہے کہ اس میں اور بھی کچھ لوگ شامل ہوں۔ اس لئے پولیس کو اس نظر سے بھی دیکھنا چاہیے اور مزید تحقیقات کرنی چاہیے۔


Share: